ٖ پاکستانی ڈاکٹروں نے دل میں چاقو گھسنے سے شدید زخمی ہونے والے بچےکی جان بچا لی وائس آف چکوال (VOC)


پاکستانی ڈاکٹروں کا کارنامہ، دل میں چاقو گھسنے سے شدید زخمی ہونے والے 10 سالہ بچے کا انتہائی مشکل آپریشن کامیابی سے کرکے بچے کی جان بچالی۔

تفصیل کے مطابق ریحان نامی دس سالہ بچہ دل میں چاقو گھسنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا، بڑی مقدار میں خون بہنے کے باعث بچے کی حالت انتہائی تشویش ناک ہو گئی تھی، جب اسے ایمرجنسی میں این آئی سی وی ڈی لایا گیا۔

بچے کے والدین کا کہنا تھا کہ بچے آپس میں کھیل رہے تھے جب حادثاتی طور پر ریحان کے سینے میں چاقو گھس گیا، انکا مزید کہنا تھا کہ زخمی بچے کو کراچی کے مختلف سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں لے گئے مگران سب نے جواب دے دیا، جس کے بعد اسے این آئی سی وی ڈی لایا گیا۔

این آئی سی وی ڈی میں بچوں کے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹرعبدالستار شیخ نے معائنہ کرنے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر سرجری کرنے کا مشورہ دیا۔

جس کے بعد بچے کو فورا آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا جہاں قومی ادارہ برائے امراض قلب کے پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن سہیل بنگش اور ڈاکٹر عبدالستار شیخ نے ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ایک پیچیدہ سرجری کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق بچے کا دل پھٹ گیا تھا، جسکی انہوں نے پوری مہارت سے سرجری کی اور بچے کی جان بچائی۔ ریحان اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہے، اس کی زندگی اب خطرے سے باہر ہے۔

0 Comments:

ایک تبصرہ شائع کریں

 
وائس آف چکوال (VOC) © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top