وارسا: پولینڈ میں ایک نابینا شخص کو زیبراکراسنگ پر تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار دی مگر یہ حادثہ اس کے لیے ایسا خوش قسمت ثابت ہوا کہ اس کی آنکھیں روشن ہو گئیں اور وہ ایک بار پھر دنیا کو دیکھنے لگا۔ 7نیوزآسٹریلیا کے مطابق اس شخص کا نام جینوسز گوراج بتایا گیا ہے جو پولینڈ کے شہر گورزو ویلکوپولسکی کا رہائشی ہے۔ لڑکپن میں گوراج کو الرجک ری ایکشن ہوا تھا جس کے باعث اس کی آنکھوں کے ریٹینا متاثر ہوئے اور اس کی بینائی ختم ہو گئی۔
نابینا ہونے کے اتنے سال بعد 2018ءمیں وہ سڑک سے گزر رہا تھا کہ گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زیادہ زخمی ہونے کی وجہ سے اسے ہسپتال میں داخل کر لیا گیا اور وہیں اس کی آنکھوں کی بینائی آہستہ آہستہ واپس آنی شروع ہو گئی۔ وہ دو ہفتے ہسپتال میں زیرعلاج رہا اور جب تک اس کے زخم ٹھیک ہوئے، اس کی بینائی بھی کافی حد تک واپس آ چکی تھی۔
گزشتہ روز ایک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے گوراج نے بتایا کہ ”گاڑی نے جب مجھے ٹکر ماری تو میں اس کے بونٹ پر جا گرا اور میرے کولہے اور سر پر شدید چوٹ لگی۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اس حادثے کی وجہ سے دہائیاں قبل جانے والی میری بینائی واپس آ جائے گی۔ میرا علاج کرنے والے ڈاکٹر بھی یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے تھے کہ میری بینائی بھی واپس آ رہی تھی۔ ڈاکٹر اب تک نہیں سمجھ سکے کہ حادثے کی وجہ سے میری بینائی کیسے واپس آ گئی۔ان کا کہنا تھا کہ شاید زخموں کا علاج کرنے کے لیے اسے جو ادویات دی جاتی رہی ہیں شاید اس کی وجہ سے میری بینائی واپس آئی، مگر وہ حتمی طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں سمجھ سکے۔“
0 Comments:
ایک تبصرہ شائع کریں