
امریکی ریاست کیرولینا میں ایک خاتون نے جوہڑ میں مگر مچھ کو دیکھ کر مبینہ طور پر پہلے اس کی تصاویر بنائیں اور بعد میں اس کو چھونے کی کوشش کی اس دوران مبینہ طور پر مگر مچھ نے حملہ کرکے انہیں پانی میں کھینچ لیا۔
اٹھاون سالہ سنتھیا کوورٹ ایک سیلون میں کام کرتی تھیں۔ اس دن وہ جنوبی کیرولینا کے علاقے کیاوہ آئی لینڈ میں اپنی سہیلی کے گھر انہیں نیل پالش لگانے آئی ہوئی تھیں۔پولیس کے مطابق کوورٹ کی سہیلی نے بیان دیا کہ اس روز کوورٹ بہت عجیب باتیں کررہی تھیں۔ وہ سیلون میں بہت پیشہ ورانہ انداز میں کام کرتی ہیں لیکن اس روز وہ بہت زیادہ باتونی ہورہی تھیں۔
کوورٹ کی سہیلی کے مطابق اس دن کوورٹ کی خوشی کی وجہ یہ تھی کہ ان کا بوائے فرینڈ دوسری ریاست سے انہیں ملنے آرہا تھا۔انہوں نے اس دن شراب (وہسکی) بھی پی رکھی تھی لیکن کیا اس کے ساتھ انہوں نے کوئی اور نشہ کیا تھا اس کا کوورٹ کی دوست کو علم نہیں تھا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق نیل پالش لگاتے ہوئے کوررٹ کو مبینہ طور پر قریبی جوہڑ میں ایک مگر مچھ دکھائی دیا جسے دیکھ کر وہ بہت پرجوش ہوگئیں۔ وہ جوہڑ تک گئیں اور جاکر مگر مچھ کی تصاویر اتارنے لگیں ان کی سہیلی نے انہیں خبردار کیا کہ کچھ دن پہلے اسی مگر مچھ نے ایک ہرن پر حملہ کیا تھا جس پر کوورٹ نے مذاق میں جواب دیتے ہوئے کہا‘میں ہرن جیسی دکھائی نہیں دیتی’۔
کوورٹ اس کے بعد مبینہ طور پر مگر مچھ کو چھونے کیلئے آگے بڑھیں اسی اثنا ء میں مگر مچھ نے کوورٹ پر حملہ کردیا اور ان کی ایک ٹانگ دبوچ لی، کوورٹ نے اس دوران چیختے ہوئے کہا‘میرا خیال ہے میں آئندہ ایسا نہیں کروں گی’۔
کوورٹ کی سہیلی کے خاوند اور وہاں موجود ایک اور شخص نے ایک رسی اچھال کر کوورٹ کو بچانے کی کوشش کی لیکن مگر مچھ نے کوورٹ کو مضبوطی سے دبوچا ہوا تھا اور وہ انہیں لیے پانی کی گہرائی میں اتر گیا۔
ریسکیو حکام کو موقع پر پہنچ کر10 سے 15 منٹ کی محنت کے بعد کوورٹ کی لاش مل گئی۔لیکن مگر مچھ نے ابھی بھی ان کی ٹانگ کو اپنے جبڑوں میں جکڑ رکھا تھا۔ ریسکیو اہلکار نے مگر مچھ پر پستول سے کئی فائر کیے جس سے وہ ہلاک ہوگیا، جس کے بعد کوورٹ کی لاش کو جوہڑ سے باہر لایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کوورٹ کی موت پانی میں ڈوب کر دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔محکمہ قدرتی وسائل کا کہنا تھا کہ مگر مچھ کے ہاتھوں ہونے والی یہ تیسری ہلاکت ہے۔
0 Comments:
ایک تبصرہ شائع کریں