ٖ بھوک کا وائرس وائس آف چکوال (VOC)

ملک نذر حسین عاصم

0333 5253836

ماہ رمضان برکتوں اور رحمتوں کا وہ مہینہ جس کا ایمان والوں کو سال بھر انتظار رہتا ہے جہاں اجر و ثواب اور عبادات میں اضافہ ہوجاتا ہے وہیں غربا نادار مفلس اور مستحق لوگوں کیلئے ایک جذبہ پوری آب وتاب سے سر اٹھاتا ہے اور ہم بساط بھر دوسرے کی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں سحر وافطار میں مسلمانوں میں ایک نیا جذبہ ولولہ نظر آتا ہے ہم چھوٹے چھوٹے گناہوں کے ارتکاب سے بھی خود کو محفوظ رکھتے ہیں دوسروں کا خیال رکھتے ہیں اس ماہ مقدس میں صاحب استطاعت دل کھول کر عطیات دیتے ہیں اور ہر شخص نیکی کی دوڑ میں دوسرے سے سبقت لیجانے کی کوشش میں ہوتا ہے لوگوں کو مہینے بھر کا راشن۔کپڑے ادویات اور دیگر اشیاء دل کھول کر دی جاتی ہیں ۔

پاکستان بنیادی طور پر ایک غریب ملک ہے یہاں 56 فیصد لوگ خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں ہم نے دسمبر کی سردی  میں پلاسٹک کی چپل پہنے بھی لوگ دیکھے ہیں یہاں وہ لوگ بھی رہتے ہیں جن کے پاس ڈاکٹر کی فیس اور ادویات خریدنے کے پیسے نہیں ہوتے انہیں سرکاری ہسپتالوں میں بھی بیڈ نہیں ملتا انکی کوئ سفارش نہیں ہوتی انکے سرپر کسی بڑے کا ہاتھ نہیں ہوتا  ایسے لوگ دنیا میں دھکے کھاتے کھاتے آنکھیں بند کرلیتے ہیں ہمارے پاس وہ لوگ  بھی کم نہیں جن کے بچے صرف اسلئے سکول نہیں جاسکتے کہ انکے پاس سکول کی فیس اور کتابیں خریدنے کیلئے پیسے نہیں ہیں۔

 یہاں بہت سی بیٹیوں کے سر میں بن بیاہے چاندی چمکنے لگتی ہے کہ انکے پاس جہیز نہیں ہوتا۔اپنے گردونواح میں دیکھئیے غربا اور مستحقین کی ایک لمبی قطار نظر آئے گی لیکن ہم نے ان لوگوں کے بارے میں کبھی سوچا ہی نہیں کہ یہ لوگ رات کو کھانا کھاکر سوئے ہیں یا فاقہ کیا ہے اپنے اپنے محلے کی دکانوں پر دیکھئے مجبور اور نادار لوگوں کے ادھار کے سیاہ صفحات  ہماری بے حسی پر نوحہ کناں ہیں ہم پیٹ بھر کو سوجاتے ہیں اپنی مصروفیات میں مگن ہیں ہمیں کسی سے کوئ غرض نہیں۔ نہیں ہمارے ذمے بھی کچھ ڈیوٹی ہے انسانیت کی اخلاقیات کی ہم مسلمان ہیں ہمیں انسانوں کے بارے میں ہی نہیں جانوروں کے بارے میں بھی سوچنا ہے ہم پرندوں کو اگر دانہ ڈالتے ہیں تو محلے کا کوئ غریب کوئ مستحق ہمیں کیوں نہیں دکھائی دیتا۔

رمضان کا مطلب صرف روزہ رکھ لینا ہی کافی نہیں بلکہ ہم اطراف و اکناف میں بسنے والوں کو دیکھیں کہ کون کس حال میں ہے خدارا کسی ایک مستحق کا چولہا جلانے میں اسکی مدد کیجئے کسی بچے کی فیس ادا کردیجیے تاکہ وہ سکول جاسکے کسی جوان بیٹی کو اپنی بیٹی بنا لیجئے اسکے بیاہ کے انتظامات کیجئے ان بیماروں پر نگاہ دوڑائیں جو ڈاکٹر کی فیس نہ ہونے کی وجہ سے گھر میں ایڑیاں رگڑ رہے ہیں کرونا کا وائرس بہت خطرناک ہے لیکن بھوک کا وائرس اس سے بھی زیادہ مہلک ہے خدارا مصیبت کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کا سہارا بنئیے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کیجئے لوگوں کیلئے شفقت کے دروازے بند نہ کیجئے انسانیت کی خدمت سے خالق کائنات ہم سے راضی ہو جائے گا اور پھر کرونا کبھی نہیں آئے گا۔ 

0 Comments:

ایک تبصرہ شائع کریں

 
وائس آف چکوال (VOC) © 2007-2023. All Rights Reserved. Powered by Blogger
Top